صوبے میں صنعتوں کے فروغ کے لئے بڑے بڑے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔
صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو بھرپور تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ضیاء اللہ آفریدی
خیبر پختونخوا کے وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ڈی آئی خان،ہری پور اور نوشہرہ میں نئی سیمنٹ فیکٹریوں کے قیام کا منصوبہ شروع کر رہی ہے جس سے بے روزگاری کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ علاقے میں تجارتی اور معاشی سرگرمیاں بھی پروان چڑھیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبہ بھر میں قدرتی وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال میں لانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے ہیں جنکی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں فیکٹو سیمنٹ گروپ آف انڈسٹری،بسٹ وے اور کینٹ ٹی ایس پی سیمنٹ کی کمپنی کے عہدیداران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سیکرٹری معدنیات میاں وحید الدین اور ڈائریکٹر جنرل لیاقت بھی موجود تھے۔ اس ملاقات کے دوران صوبے میں پہلے سے موجود صنعتوں کو بہتر بنانے اور نئی صنعتوں کے قیام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر نے کمپنیوں کے عہدیداروں کے ساتھ سیمنٹ انڈسٹری کے قیام اوراسکے فروغ کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو کماحقہ استعمال میں لایا جائے۔ضیاء اللہ آفریدی نے کہاکہ صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال اور ماضی کے بعض حکمرانوں کی عدم توجہی کے باعث نہ تو صنعتی شعبہ ترقی کر سکا اور نہ ہی معدنیات سے صحیح معنوں میں استفادہ ہوا تاہم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام دوست پالیسیوں کو عملی جامہ پہنا رہی ہے جس کے لئے حکومت مزید وقت ضائع کئے بغیر ہنگامی نبیادوں پر صنعتی سرگرمیاں شروع کر رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہاکہ ہری پور ،ڈی آئی خان اور نوشہرہ میں سیمنٹ ا نڈسٹریاں اور فیکٹریاں شروع کرکے نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کیا جا رہا ہے جس سے متعلقہ علاقوں میں معاشی خوشحالی کے ساتھ ساتھ دیگر ضرورتیں بھی پوری ہوں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ سرمایہ کار بلاخوف و خطر صوبے میں آ کر سرمایہ کاری شروع کریں کیونکہ حکومت انکے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح کوشاں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ کے زیر اہتمام پشاور میں قائم آئی ٹی پارک سے منسلک آئی ٹی کمپنیوں کیلئے ایک روز ہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں مشہور زمانہ بین الاقوامی کمپنی مائیکرو سافٹ کے ماہیرین نے ورکشاپ کے شراکاء کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید رجحانات اور جہتوں کے بارے میں ٹریننگ دی۔ مائیکرو سافٹ کے جدید اور خصوصی فیچرز مشلاًاژیور ورچویل، موبائل ،ویب ساےئٹس ، وژیویل اسٹوڈیو اور دیگر ایپلیکیشنز ز اس ورکشاپ کے اہم موضوع تھے جن کے بارے میں شراکائے ورکشاپ کو عملی تربیت فراہم کی گئی۔ ورکشاپ کا مقصد صوبے میں کام کرنے والے آئی ٹی کمپنیوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے اُن کی استعداد کار کو بڑھانا اور اُن کے معیار کو بین الاقوامی کمپنیوں کے برابر لانا ہے ۔اگلے مرحلے میں اسی طرح کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ایبٹ آباد میں قائم آئی ٹی پارک سے منسلک آئی ٹی کمپنیوں کے لئے بھی کیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات کا ہری پور میں گورنمنٹ گرلز کالج پھرالہ کا دورہ، عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹیریل کے استعمال پر اظہار برہمی
ناقص میٹیریل کے استعمال پر محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی: مشتاق غنی
خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے گزشتہ روز ہری پور کے علاقے پھرالہ میں واقع گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کا دورہ کیا اور حال ہی میں تعمیر ہونے والی کالج کی عمارت میں ناقص میٹیریل کے استعمال پر اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹیریل کے استعمال پر محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دور دراز کے علاقوں میں کالجز و سکول یہاں کے بچوں کے لئے تعلیم حاصل کرنے کا واحد راستہ ہیں، اپنے بچوں کو جہالت کے اندھیروں میں نہیں دھکیل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمارت کی تعمیر کے دوران محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے دلچسپی نہ لینے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔وزیر اطلاعات نے اس موقع پر کالج کے لئے ایک ہائی ایس اور بس کی جلد فراہمی کی بھی منظوری دی۔ قبل ازیں پھرالہ میں سبجیکٹ سپیشلسٹ ایسوسی ایشن کی تقریب سے بحیثیت مہان خصوصی خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کیا ہے، بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے نئے ٹیکسز لگا کر مہنگائی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کا بجٹ ایک عوام دوست بجٹ ہو گا جس میں عوام کو واضح ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ موجودہ صوبائی حکومت تمام فیصلے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر عوامی مفاد میں کر رہی ہے۔ بلدیاتی انتخابات صوبہ کے عوام کے لئے ایک تحفہ ہے۔ یہ ایک ایسا نظام تشکیل دیا گیا ہے جس میں گاؤں کے فیصلے گاؤں کی سطح پر کئے جائیں گے، ہر ایک گلی محلے کو اس کا حق ملے گا لیکن بد قسمتی سے بلدیاتی انتخابات میں مخالف سیاسی جماعتوں نے ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پرامن انتخابی عمل کو پرتشدد بنا دیا ۔مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ اساتذہ کا معاشرے میں ایک اہم مقام ہے جس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں توانائی کی پیداوار کے
ے عمل کو تیز تر کرنے کیلئے صوبائی محکمہ توانائی کے ادارے پراونشل انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کو آزاد اور خود مختار طریقے سے چلانے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت ایک ماہ کے اندرخیبر پختونخوا پاور کمپنی اور خیبر پختونخوا پرائیویٹ پاور بورڈ قائم کیا جائے گا۔ یہ منظوری خیبر پختونخوا حکومت کی انرجی ایپکس کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں دی گئی جو ہفتہ کے روزوزیراعلیٰ پرویز خٹک کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ توانائی کے مستقبل سے متعلق امور پرتفصیلی غور کیا گیااور یہ فیصلہ کیا گیا کہ توانائی کے منصوبوں میں رکاوٹیں دور کرکے ان کی تیز تر تکمیل یقینی بنانے کیلئے نجی شعبہ کی شراکت سے ایک خودمختار ادارہ قائم کیا جائے گا۔ اس ادارے کے ذریعے صوبے میں آبی وسائل سے 30ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے علاوہ 2034 تک تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافے کیلئے مقررہ اہداف حاصل کئے جائیں گے۔ اجلاس میں صوبے میں تیل اور گیس کی تلاش اور پیداوار سے متعلق سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں آئل ریفائنریوں کے قیام کی خواہش مند آئل کمپنیوں کے نام غور کیلئے وفاقی حکومت کو ارسال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ریفائنریوں کے قیام کیلئے آئل کمپنیوں کو صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا اور محکمہ توانائی کو ہدایت کی کہ صوبے کے دوسرے حصوں پر بھی توجہ دے جہاں آئل اور گیس کے ذخائر کی موجودگی کی واضح علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی اور خیبر پختونخوا حکومت جنوبی اضلاع میں گیس کے گھریلو کنکشنوں کی فراہمی سے متعلق تنازعہ حل کرنے کیلئے ایک فارمولے پر متفق ہو گئی ہیں جس پر جلد عمل کیا جائے گا۔اجلاس میں صوبائی وزیر توانائی و تعلیم محمد عاطف خان، وزیر خزانہ مظفر سید، سینیٹر محسن عزیز ، ایم این اے اسد عمر، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا امجد علی خان، اے سی ایس ڈاکٹر حماد آغا، پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر ڈاکٹر شہزاد بنگش، انرجی، خزانہ، اور پی اینڈ ڈی کے سیکرٹریوں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔