امجد صابری کے جنازے میں ہزاروں افراد کی شرکت
امجد صابری کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے عوام کی بڑی تعداد لیاقت آباد پہنچی
پاکستان کے شہر کراچی میں ہدف بنا کر قتل کیے جانے والے معروف قوال امجد صابری کو سپردِ خاک کر دیا گیا ہے اور ان کی نماز جنازہ میں مردوں کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ہے۔
امجد صابری بدھ کی شام کراچی کے مصروف علاقے لیاقت آباد میں موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح افراد کی گولیوں کا نشانہ بنے تھے۔
امجد صابری کی نماز جنازہ جمعرات کی دوپہر لیاقت آباد میں ہی ادا کی گئی ہے جس میں شرکت کے لیے عوام کی بڑی تعداد مقررہ مقام پر پہنچی۔
نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق نمازِ جنازہ میں روایت کے برعکس خواتین بھی شریک ہوئیں۔ اس موقع پر پورے علاقے میں سیاہ پرچم لگائے گئے تھے۔
نمازِ جنازہ کے بعد امجد صابری کو پاپوش نگر کے قبرستان میں ان کے والد مشہور قوال غلام فرید صابری کے پہلو میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
Image captionامجد صابری کی نمازِ جنازہ میں روایت کے برعکس خواتین بھی شریک ہوئیں
مقتول امجد صابری کے بھائی آخری رسومات میں شرکت کے لیے لندن سے کراچی پہنچے ہیں۔
کراچی آمد کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ثروت صابری کا کہنا تھا کہ اگر حکومت خود کو حکومت کہتی ہے تو اسے اپنے اقدامات سے ثابت کرنا چاہیے کہ کراچی میں اس کا اثر ہے۔
ثروت صابری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پورے ملک کے حالات ٹھیک کرے۔
’میرے بھائی کے قاتلوں کو پکڑ لیں گے، پشاور سکول کے حملہ آوروں کو پکڑ لیں گے، چیف جسٹس کے بیٹے کو اغوا کرنے والے بھی پکڑ لیے جائیں گے لیکن جو عام آدمی مر رہے ہیں ان کی داد رسی کون کرے گا۔ حکومت بادشاہ سے لے کر فقیر تک سب کی ذمہ دار ہے وہ ہر کسی کی حفاظت اس کی یقینی بنائے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ امجد صابری پر حملہ کرنے والے درندوں سے بھی زیادہ گئے گزرے ہیں اور اس وقت جنرل راحیل شریف پر بہت بڑی ذمہ داری ہے، وہ ان سے گذارش کرتے ہیں کہ وہ فوری ایکشن لیں۔
امجد صابری کی ہلاکت کی ملک میں ہر سطح پر مذمت کرتے ہوئے انھیں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے اور لیاقت آباد میں مقتول قوال کی رہائش گاہ کے باہر ان کے چاہنے والوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔
امجد صابری کا شمار پاکستان مایہ ناز قوالوں میں ہوتا تھا۔ وہ مشہور قوال غلام فرید صابری کے بیٹے تھے اور ان دنوں ایک نجی چینل کی رمضان نشریات سے وابستہ تھے۔